لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ قاسم خان نے پنجاب بھر کے مزارات میں آنے والے زائرین سے جوتے رکھنے ،پارکنگ فیس وصول کرنے اور واش رومز استعمال کرنے والوں سے پیسے وصول کرنے سے روک دیا ،فاضل جج نے قرار دیا محکمہ اوقاف زائرین کو مفت سہولیات فراہم کرے ، بھتہ وصول نہ کرے ،اگر اوقاف عوام کو اپنی سروسز نہیں دے سکتا تو اس محکمہ کو ختم کر دیں میں ایران گیا تھا وہاں سامان اور جوتے رکھنے والے موجود ہوتے ہیں لیکن وہ ایک دھیلا بھی نہیں لیتے ،حرمین الشریفین میں بھی جوتی پر ٹیکس نہیں ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ قاسم خان نے عدالت میں غلط بیانی کرنے والے ایس پی صدر ڈویژن لاہورحفیظ الرحمن بگٹی کا معافی نامہ مسترد کرکے انہیں آئندہ سماعت پر راولپنڈی بنچ میں طلب کرلیا ،فاضل جج نے قرار دیا ایس پی پہلے اعتراف جرم کرے اورپھرتحریری معافی کی درخواست دے ،اتنے سینئرپولیس افسر عدالت سے غلط بیانی کریں گے تو سسٹم بیٹھ جائے گا،ایس پی صدر جو لکھ کے دیں گے اس کے مطابق عدالت فیصلہ کرے گی، فاضل جج نے کہا معافی مانگنی ہے تو پہلے جرم ماننا ہے ، پہلے معافی نامہ لاؤ پھر دیکھوں گا معاف کرنا ہے یا توہین عدالت کی کارروائی کرنی ہے ۔چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے کرتار پور جانے والی لاہور نارووال روڈ کی عدم تعمیر کے خلاف درخواست پرسرکاری وکیل سے استفسار کیا آج 17جون تک بتائیں یہ پراجیکٹ تین سال میں مکمل کرنا ہے یا ایک سال میں،اگر تین سال میں مکمل کرنا ہے تو پھر میں اپنی آبزرویشن سپیکر پنجاب اسمبلی کو بھیجوں گا تاکہ ایک سال میں روڈ مکمل کرنے کا معاملہ ممبران کے سامنے رکھیں۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہدوحیدنے بی بی پاک دامن مزار کی تزئین آرائش نہ کرنے کے خلاف درخواست پر 30 جون 2022ئتک مزار کی تزئین آرائش کا کام مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔لاہورہائی کورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پرچے آؤٹ کرنے کے مقدمہ کے ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مستردکردیں۔ملزموں میں کمیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرقان علی اورتحصیلدار کے امیدوارمظہر علی اور گوہر علی شامل ہیں۔