لاہور،پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن ) تحریک لبیک کے نام کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کے معاملے پر مزید 3 صوبائی وزرانے دستخط کر دئیے ،ذرائع کے مطابق اب تک پنجاب کے 21 وزرا سمری پر دستخط کر چکے ہیں، سمری پر حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی جبکہ تحریک لبیک خیبرپختونخوا کے ترجما ن نے کہا کہ ہماری جماعت صوبہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور پوری سیاسی قوت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی ،عوام کے ساتھ رابطہ مہم شروع کر دی ہے اور جوق د ر جوق پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔کالعدم تنظیم سے معاہدہ پر عملدرآمدکیلئے قائم سٹیرنگ کمیٹی کاوزیرمملکت علی محمد خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا،پنجاب سے وزیرقانون بشارت راجہ نے اجلاس میں شرکت کی ، راجہ بشارت نے اب تک معاہدے پرعملدرآمدکی رپورٹ پیش کی،ذرائع کے مطابق اب تک 2100افرادکورہاکردیاگیاجن کیخلاف مقدمات ہیں وہ عدالتوں سے رجوع کرینگے ۔ پنجاب حکومت ضمانت سے متعلق نرم رویہ اختیارکرے گی۔ کالعدم تنظیم کے 90لوگ فورتھ شیڈول میں شامل تھے ۔ 48لوگوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے گئے ۔ دیگرافرادکے نام بھی آج شام تک فورتھ شیڈول سے نکال دیئے جائینگے ۔ کالعدم سٹیٹس ختم کرنے کیلئے سمری وفاقی حکومت کوموصول ہوگئی۔ پنجاب حکومت معاہدے کے 98فیصدنکات پرپیشرفت کرچکی ۔ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت کالعدم سٹیٹس ختم کرنے کی سمری کی منظوری کاعمل جلد مکمل کرے ۔