اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے وزارت منصوبہ بندی، وزارت توانائی، وزارت بحری امور اور حکومت بلوچستان کو ہدایت کی کہ پیکج کے تحت ٹرانسپورٹ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے مل کر کام کریں۔ان خیالات کا اظہاراعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کی سست روی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں قائم ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایک سال میں ایپکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس ہوا۔وزیر اعظم نے پیکیج کے تحت 655 ارب روپے کے 200 ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے کے لئے ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر 15 دن بعد عملدرآمد کمیٹی (Execution Committee)کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تربت ایئرپورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر اور تربت میں 02 نرسنگ کالجز جلد از جلد تعمیر کئے جائیں۔وزیراعظم نے کہا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے وہ ذاتی طور پر ہر ماہ جائزہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔92 نیوز رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا بلوچستان حکومت اپنے گورننس ڈھانچے کو نچلی سطح پر از سر نو تشکیل دے ۔