اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عدالتوں پر اثرانداز ہونے کے حوالے سے اپنی تاریخ رکھتی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت حکومتی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم کے بیان حلفی کے معاملے پر غور کیا گیا۔مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور بیرسٹر علی ظفر نے معاملے کے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔ شہزاد اکبر نے کہا بظاہر لگتا ہے کہ اس پلان کے پیچھے مسلم لیگ (ن) ہے ۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے پر توہین عدالت بنتی ہے ۔وزیراعظم نے کہا مسلم لیگ (ن) عدالتوں پر اثرانداز ہونے کے حوالے سے اپنی تاریخ رکھتی ہے ، اس نے ہمیشہ ریاستی اداروں پر حملہ کیا، سیاسی مافیا اپنے کیسز سے بچنے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حزب اختلاف کے بیانیے اور تحریک پر بھی غور ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بیوقوفانہ کہانیاں اور سازشی تھیوریاں گھڑنے کے بجائے یہ بتایا جائے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے پیسے کہاں سے آئے ؟ مریم نواز کی اربوں کی جائیدادیں سامنے آ چکی ہیں، ان کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا ایک اخباری خبر نظر سے گزری جس میں گلگت کے ایک جج صاحب فرماتے ہیں کہ جب وہ ثاقب نثار کے پاس چائے پینے بیٹھے تو جج صاحب نے فون پر ہائی کورٹ کے جج سے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت الیکشنوں سے پہلے نہیں لینی! کیسے کیسے لطیفے اس ملک میں نواز شریف کو مظلوم ثابت کرانے کی مہم چلا رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا اندازہ لگائیں کہ آپ کسی جج کے پاس چائے پینے جائیں اور وہ آگے سے فون ملا کر بیٹھا ہے کہ آپ کے سامنے ہی ایسی ہدایات جاری کرے کہ کسی ملزم کی ضمانت لینی ہے یا نہیں لینی! ملزم بھی کوئی عام آدمی نہیں ملک کا وزیر اعظم۔انہوں نے کہا اخبار کی طرف سے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیاگیا،اخبار نے جس جج کا نام لیا، وہ بینچ میں ہی نہیں تھے ،ن لیگی رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں پھر عدلیہ پر تنقید کی،ان لوگوں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ عدالتوں کو متنازعہ کیا جائے ،ان جج صاحب کو ن لیگ نے 2015میں گلگت بلتستان میں لگایا،چیف جسٹس کے سو موٹو نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہیں،ن لیگ کے عہدیداروں نے سو موٹو نوٹس لینے کے بعد پریس کانفرنس کی،عدلیہ کو نشانہ بنایا،عدالت کو ان لیگی رہنمائوں کو بھی بلانا چاہئے ،عدالتوں پر حملے ن لیگ کی تاریخ رہی ہے ۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آج وفاقی کابینہ کا ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا، یہ کیسا حسن اتفاق ہے کہ جس نوٹری نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کی ،وہ ہی رانا شمیم کے بیان کی بھی تصدیق کر رہا ہے ،نواز شریف اور مریم نواز کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ جب آنے والا ہے تو اس وقت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کو بدنام کرنے کی کوشش عدلیہ پر ایک بہت بڑا حملہ ہے جو شریف خاندان کی جانب سے کیا گیا ،ن لیگ کے ناصر بٹ وغیرہ نے جج ارشد ملک کی جو ویڈیوبنائی تھی، آج تک اسے بطور ثبوت کیوں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا؟انہوں نے کہا ن لیگ ماضی میں عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتی رہی ہے ، ن لیگ کے پرانے طور طریقے اب نہیں چلیں گے ۔انہوں نے کہا ہم اتحادیوں کو ہمیشہ ساتھ لیکر چلے ہیں،ہمارے اتحادی ڈنکے کی چوٹ پر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاالیکٹرانک ووٹنگ مشین ہمیشہ ہمیشہ کیلئے انتخابی دھاندلی کا راستہ روکنے جا رہی ہے ۔معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ایک میڈیا ہائوس شریف فیملی کیلئے جھوٹی کہانی چلاتا ہے ،اس میڈیا ہائوس کو تو مجھ سے بہت محبت ہے ، بے شک بلا لیں۔