لاہور (خصوصی نمائندہ،92 نیوز رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری نے کہاہے کہ مریم نواز اورشہباز شریف کو نواز شریف کو ملنے سے کسی نے نہیں روکا،جب چاہیں ملیں،حکومت نے نواز شریف کو مرضی کے ہسپتال میں علاج کی آفربھی کی،یہ ایشوبہت پہلے ختم ہو جاناچاہئے تھا،نواز شریف کو باہر بھیجناہمارے مینڈیٹ میں نہیں،اگرعدالت اجازت دیتی ہے تو ہم ای سی ایل پر نہیں ڈالیں گے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے ایوان وزیر اعلیٰ میں سینئر صحافیوں سے ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میڈیاسے خوشگوار تعلقات پر یقین رکھتی ہے ، میڈیا پالیسی کے اصول و ضوابط سینئر صحافیوں کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے ، اٹھارہویں تر میم کی روشنی میں صحافتی قوانین پر مشتمل نئے بل کا مسودہ تیاری کے مراحل میں ہے ،حکومت اور عوام کے درمیان میڈیا پل کا کردار ادا کر رہا ہے ،اس پل کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا ہاتھ ہمیشہ عوام کی نبض پر ہوتا ہے اس لیے عوامی رائے جانچنے کا سب سے موثر ذریعہ میڈیا ہے ، علاوہ ازیں میڈیا حکومت کی رہنمائی اور صحیح پالیسیوں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے ، انہو ں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت اہل صحافت کی بڑی قدر دان ہے اور صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون گردانتی ہے ، مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے اس امر کا اعادہ کیا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کی پوری کوشش کی جائے گی۔