واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ہم وائرس کے خلاف ’شاندار فتح‘ کی راہ پرگامزن ہیں۔امریکہ میں دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ ایک لاکھ 30 ہزار اموات کے ساتھ دنیا کا سب سے متاثر ملک ہے ۔ امریکی یوم آزادی کے موقع پر عوام کے نام اپنے پیغام میں انھوں نے ایک بار پھر وائرس کا ذمہ دار چین کو قرار دیتے ہوئے کہا امریکہ اس کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے اب واپس بہتر حالات کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے بچوں کو سکولوں میں ملک سے نفرت سکھائی جارہی ، ہم مضبوط امریکہ اور مضبوط ملٹری چاہتے ہیں، ہم نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں، امریکہ کو بائیں بازو کی سیاست سے خطرہ ہے تاہم ہم بائیں بازو کی سیاست کا مقابلہ کریں گے ، واضح رہے گزشتہ ماہ امریکی صدر نے امریکی آرمی اکیڈمی کی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہم دنیا میں نہ ختم ہونے والی جنگوں کا خاتمہ کریں گے ۔