لاہور(اشرف مجید)وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن ٹرانسپورٹ سسٹم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس ضمن میں ابتدائی طور پر اسلام آباد ،راولپنڈی میں 4ڈبل ڈیکر بسوں سمیت 134بسوں کو چلایا جائے گا ،جلد ٹینڈر جاری کردیا جائے گا جبکہ لاہور میں چلنے والے اربن ٹرانسپورٹ سسٹم بند ہونے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی ۔ اسلام آباد میں سیاحتی مقامات کی سیر کے لئے لاہور طرز کی چار ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی جو کہ فیصل مسجد ،شکر پڑیاں سمیت اسلام آباد کی سیر کے لئے استعمال ہونگی جبکہ کشمیر ہائی ویز سے نیو اسلام آباد ائر پورٹ25کلو میٹر فاصلے کے لئے 30بسیں چلائی جائیں گی اسی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی شہر کے درمیان مختلف روٹوں پر اربن ٹرانسپورٹ سسٹم چلایا جائے گا جس میں 100نئی بسیں چلائی جائیں گی ،اس حوالے سے فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے ۔ لاہور میں اربن ٹرانسپورٹ سسٹم بند ہونے بارے بھی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے جن افسران کی نا اہلی کے باعث اربن ٹرانسپورٹ سسٹم بند ہوا ہے انکے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی ۔