بیجنگ (سپورٹس ڈیسک) تمام 109 میڈل مقابلوں کا فیصلہ ہونے کے بعد بیجنگ میں 2022 کے سرمائی اولمپکس کا باضابطہ اختتام ہو گیا ہے ۔ تین ہفتوں کے مشتمل میگا ایونٹ میں ناروے نے سب سے زیادہ کل 37 تمغے اور سب سے زیادہ 16 طلائی تمغوں کے ساتھ ممتاز مقام حاصل کیا ۔اس کے ساتھ ناروے نے سب سے زیادہ طلائی تمغوں کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا۔ 16 طلائی تمغوں کے ساتھ اس نے 8 چاندی اور 13 کانسی کے تمغے بھی جیتے ۔ جرمنی 12 گولڈ، 10 سلور اور 5 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ میزبان چین کی تیسری پوزیشن رہی، اس نے 9 طلائی، 4 نقرئی اور دو کانسی کے تمغے جیتے ۔ امریکہ، سویڈن اور نیدر لینڈز نے 8، 8 طلائی تمغوں کے ساتھ گیمز ختم کیے تاہم امریکہ کے 25 تمغوں کی مجموعی تعداد نے انہیں پانچویں نمبر پر رکھا۔ امریکہ نے 10 چاندی اور 7 کانسی کے تمغے حاصل کیے ۔