اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب کے کسانوں کے وفدنے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی اہمیت پرزوردیا اور کہا نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے محکمہ آبپاشی کیساتھ مل کرفوری اقدامات کئے جائیں۔وزیراعظم نے مڈل مین کے کردارمیں کمی پرزوردیااورکہاکسانوں کوانکی مصنوعات کی اچھی قیمت مل سکے ،ذخیرہ اندوزی کے طریقوں سے بچنے کیلئے متعلقہ قوانین پرعمل کریں۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ آبی ذخائرمیں پانی کی 28فیصدکمی سے ربیع کی فیصل متاثرہونے کاخدشہ ہے ۔وزیراعظم نے کہانہروں میں پانی کی چوری روک کراس کمی کوپوراکیاجاسکتاہے ۔وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی اسدعمر و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت سکیورٹی حکام بھی شریک تھے ۔اجلاس میں امن و امان کی صورتحال ،بارڈر مینجمنٹ پر غور کیا گیا۔وزیر اعظم کے زیرصدارت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے انتظامی امور اور شہری سہولیات میں بہتری کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا۔ عمران خان نے کہا اسلام آباد کے شہریوں کو مہیا سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے ، دارالحکومت میں شہری سہولیات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونی چاہئیں۔علاوہ ازیں عمران خان سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہا، افغان عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی اور وفد کو یقین دلایا ہے کہ افغان بھائیوں کی انسانی ضروریات پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا افغان عوام کے لئے ہم خوراک، ادویات اور شیلٹرز بھجوا رہے ہیں، افغان بارڈر سے پاکستان آنے والے شہریوں کو مفت کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے ، افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کے لئے عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔