لاہور(کلچرل رپورٹر) پاکستانی شارٹ فلم 'پسون' نے انٹرنیشنل گرلز امپیکٹ ورلڈ فلم فیسٹیول میں پہلا انعام اپنے نام کرلیا۔شارٹ فلم 'پسون ' کی پروڈیوسر سارہ جہاں خان مین فیلڈ کالج آکسفورڈ یونیورسٹی کی طالبہ ہیں، سارہ کی فلم 'پسون ' ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے بنائی جانے والی فلم، ضلع دیر سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم نوجوان سماجی کارکن منال شاد پر مبنی ہے ۔'پسون ' پشتو زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں کسی مقصد کے لیے اٹھنا۔سارہ کا اپنی عالمی ایوارڈ یافتہ فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہیں دیر کی منال کے بارے میں جیسے ہی پتہ چلا تو انہوں نے فوراً ہی منال تک رسائی ممکن بناتے ہوئے ان کے گھر کچھ روز قیام کیا، منال کے اسکول کا دورہ کیا اور فلم کی عکسبندی کا آغاز کیا۔روانی سے پشتو بولنے والی سارہ نے بہت خوبصورتی سے منال کی باتوں کا ترجمہ کیا اور فلمی انداز میں ڈھالا ، سارہ کا کہنا تھا کہ اس مختصر فلم کو بنانے میں انہیں بہت سے چیلنجز درپیش تھے۔