پشاور(92نیوز)وفاقی وزیربرائے داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجازاحمدشاہ نے کہاہے کہ فر نٹیئر کانسٹیبلری انتہائی محدود وسائل میں ملک کی دفاع کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہے ، ایف سی کی تنخواہوں ، پنشن، سوئی گیس، بجلی و دیگر حل طلب مسائل آئندہ مالی سال میں حل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائیگی، انہوں نے کہاکہ جوانوں کی بہادری دیکھ کر یقین مصمم ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی بدولت بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ ایف سی کے جوان نظم و ضبط کی اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے فقید المثال جرات کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے فرنٹیرکانسٹبلری ٹریننگ سکول،شبقدرمیں 76ویں پاسنگ آؤٹ پریڈکے دوران نئے ریکروٹ ودیگرشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرکمانڈنٹ فرنٹیرکانسٹبلری معظم جاانصاری اورپرونشل پولیس فیسر(IG)خیبرپختونخوا،ڈاکٹرثناء اللہ عباسی بھی موجودتھے ۔ فرنٹیرکانسٹبلری ٹریننگ سکول کے 76ویں پاسنگ آؤٹ پریڈمیں 898ریکروٹ نے حصہ لیاجنہوں نے 9ماہ کی تربیت حاصل کی۔ بریگیڈیئر(ر) اعجازاحمدشاہ نے کہاکہ وطن عزیز کی دفاع اور فرائض منصبی کی تکمیل میں ایف سی کے 365 افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیاجبکہ 654زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ روز اول لیکر تاحال فرنٹیئر کانسٹبلری کے جوان ملک و قوم کی ناموس کی خاطر جان کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ دریں اثناگورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان سے وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجازاحمدشاہ نے جمعرات کو گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔