لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیاکی کرکٹ ٹیموں کے مابین3ٹیسٹ میچوں کی سیریزکاتیسرااورآخری فیصلہ کن ٹیسٹ میچ آج سے لاہورمیں شروع ہو گا اور دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کیلئے پرامید ہیں ۔راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچ ڈراہونے کی وجہ سے لاہورٹیسٹ فائنل میچ کی شکل اختیارکرچکا ہے ۔سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد قذافی سٹیڈیم میں 13سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا اور اس حوالے سے سکیورٹی کے بھی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ لاہور کا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے ،ہوم گرائونڈ میں کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہوتا ہے ، پوری ٹیم لاہور میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہے ۔ 13سال بعد ہم لاہور میں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں جس کے لئے تمام کھلاڑی پرجوش ہیں ، سیریز جیتنا ہمارے لیے بہت ضروری ہے ۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اعلان کیا ہے کہ لاہور ٹیسٹ میچ کے لیے ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں۔پری میچ پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ لاہور ٹیسٹ کے لیے تیار کردہ وکٹ کراچی جیسی ہی ہے ، وکٹ میں کوئی زیادہ فرق نظر نہیں آرہا۔ کراچی کی نسبت یہاں لاہور کا موسم گرم ضرور ہے ، جس سے فاسٹ بولرز کو کچھ مشکل پیش آسکتی ہے ۔اپنے بولرز اور بیٹرز پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ عمدہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے ۔