لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سٹنٹ ختم ہو گئے جس کی وجہ سے غریب مریضوں کو سٹنٹ ڈالنے کا عمل تعطل کا شکا ر ہو گیا ،انجیوپلاسٹی ملتوی ہونے پر مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ پیسے دیکر علاج کرانے والے ترجیحی بنیادوں پر علاج کرا رہے ہیں ، ہسپتال انتظامیہ نے مسئلے کا عارضی حل نکالتے ہوئے پرویز الہیٰ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے تقریبا300سٹنٹ ادھار مانگ لیے ہیں ۔ذرائع کے مطابق سٹنٹ کے حوالے سے حکومتی ریٹس طے کیے جانے کے باوجود ہسپتال میں سٹنٹ نہ خریدے جا سکے جس کی وجہ سے مریضوں کو ایمرجنسی وارڈ میں ایس کے انجکشن لگایا جاتا ہے حالت سدھرنے پر او پی ڈی میں آنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جبکہ فوری سٹنٹ نہیں ڈالے جاتے ۔بعض ایسے مریض جن کی ویٹنگ لسٹ کے تحت باری آتی ہے ان کو فون کر کے بلایا جاتا ہے لیکن سٹنٹ نہ ہونے کی وجہ سے اینجیو پلاسٹی ملتوی کر دی جاتی ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سٹنٹ کا انتظام کر لیا ہے ا ب مریضوں کو اینجیو پلاسٹی کے لیے کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی ۔