لاہور ،ساہیوال، سیالکوٹ ، شیخوپورہ ،فیصل آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹرز،نمائندگان 92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور سمیت پنجاب بھر میں بار زکے الیکشن ہوئے جس میں جیتنے والوں کے حامیوں نے جشن منایا ، بھنگڑے ڈالے ،مٹھائیاں تقسیم کیں ۔تفصیلات کے مطابق آخری اطلاعات تک لاہور میں صدارتی امیدوار عاصم چیمہ کو برتری حاصل تھی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں صدر کے عہدے پر تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو ا۔ جن میں چودھری اویس احمد قاضی، خواجہ نیئر اور محمد عاصم چیمہ شامل تھے ۔ نائب صدر کی نشست پر 6 امیدوار اعجاز بسرا، بابر ہمایوں چوہان، پرویز سلہری، رانا آصف، رانا محمد نعیم اور عمران ملک میں مقابلہ ہوا۔ سیکرٹری کی نشست پر 8 امیدوار آصف شاکر، ابرار حسین چوہدری، پیر سید فرید الحق چشتی، مدثر بٹ، ریحان احمد خان، ملک عدیل احسان، ملک مقصود کھوکھر اور نصیر بھلہ میدان میں تھے ۔ جوائنٹ سیکرٹری کے لئے تحسین طاہر گجر، راجہ فیصل شہزاد، ضرغام وحید بٹ، میاں اسامہ اور میاں غلام مصطفی نے مقابلہ کیا۔ فنانس سیکرٹری کے لئے راجہ نعمان علی اور نعیمہ مشتاق شیخ میں ون ٹو ون مقابلہ تھا۔ لائبریری سیکرٹری کی نشست کے لئے سمیع اﷲ خان اور میاں رضا محمود میں جوڑ پڑا۔ نائب صدر ماڈل ٹائون کی نشست پر چودھری شبیر خان اور سید مجتبیٰ کاظمی میں کانٹے کا جوڑ پڑنے کے بعد فیصلہ ہوا۔ نائب صدر کینٹ کی نشست پر رانا منظور احمد اور میاں سخاوت مد مقابل تھے ۔ آڈیٹر کی نشست پر چوہدری عمران رفیق بھنڈارہ اور مرزا اصغر بیگ میں جوڑ رہا۔ ممبر ایگزیکٹو کی نشست کے لئے دس امیدوراروں میں سے 7 پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو گئے تھے ۔ ماڈل ٹائون سیٹ پر نائب صدرکیلئے مجتبی کاظمی ،جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پرضرغام وحیدبٹ آگے تھے ۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق صرف بائیو میٹرک سے تصدیق شدہ ووٹرز ہی ووٹ کاسٹ کر نے کے اہل تھے لیکن بائیو میٹرک سسٹم ناکام ہو گیا اور پولنگ مینوئل سسٹم کے تحت ہوئی۔ انتخاب میں 8600 وکلاء ووٹرز لسٹ میں شامل تھے ،پولنگ صبح نوبجے شروع ہو کر بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔لاہور بار کے سالانہ انتخابات اس مرتبہ بھی بائیو میٹرک سسٹم کے تحت نہ ہو نے اور مینوئل سسٹم کے تحت پولنگ کا عمل مکمل کرنے کی وجہ سے رزلٹ رات دیر تک مکمل نہ ہو سکا۔ سکیورٹی انتہائی سخت رہی۔ ڈسٹرکٹ بار حافظ آباد کے سالانہ انتخابات میں جی ڈی اے اور اقبالین گروپس کے حمایت یافتہ رانا عارف محمود صدر جبکہ رائے شاہ ریز خاں جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔ عمر بلال تارڑ نائب صدر،میاں رشید بھٹی جائنٹ سیکرٹری، شیخ محمد عاطف فنانس سیکرٹری، عامر ریاض بھٹی لائبریری سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔ ڈسٹرکٹ بارساہیوال کے الیکشن میں میاں صدیق کمیانہ گروپ نے الیکشن جیت لیا ۔ ملک محمد سلیم کوڈھن صدر منتخب ،نائب صدر کے امیدواروں میں مہر محمد یونس نائب صدر ، چوہدری محمد ذیشان یاسین جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔فیصل آباد میں نویدگھمن بارکے صدراورشاہد منیرسیکرٹری، عظمیٰ سندھو نائب صدر، رانا خضر حیات جوائنٹ سیکرٹری اور رابعہ حبیب الرحمن لائبریری سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔ انتخاب جیتنے والے وکلا کے حامیوں نے بار وکلا گردی کرتے ہوئے سر عام شدیدفائرنگ شروع کر دی اور خوب ہلڑ بازی بھی کی ،فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ موقع پر موجود پولیس نے بھی معاملے سے دور رہنے میں ہی عافیت جانی اور خاموش تماشائی بنی رہی ۔ 92نیوز پر خبر چلی تو آرپی اونے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔شیخوپورہ میں اس بار بھی چودھری ولائت علی گروپ کے رانا زاہد محمود ایڈووکیٹ صدراور انصار احمد رندھاوا جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔نائب صدر کیلئے اجمل فاروق موہل ن، جوائنٹ سیکرٹری کیلئے رضوان سخاوت ایڈووکیٹ ،آڈیٹر جنرل کی نشست پر مصباح رانا کامیاب قرار پائیں ۔سیالکوٹ میں چوہدری محمد رضا صدر، ملک محمد شبیرجنرل سیکرٹری ،چوہدری سی ایم اسلم نائب صدر بن گئے ۔چونیاں میں سردار ناصر ڈوگر صدر ، نائب صدر کی سیٹ پر حافظ عمران گہلن اور جنرل سیکرٹری کی سیٹ عمران ڈوگر منتخب ہوئے ۔شاہ کوٹ میں جناح لائرز اور پروفیشنل لائرز کے متفقہ امیدوار ملک شہزاد حسین کھوکھر صدر، میاں غلام غوث جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔راولپنڈی میں تنویرسہیل شاہ صدر،شہزادمیرجنری سیکرٹری منتخب ہو گئے ، شکیل احمد کھٹڑنائب صدر،عائشہ عباسی جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئیں ،فنانس سیکرٹری کی نشست پر عاطف شکیل اور سیکرٹری لائبیریری کے لئے رضوانہ شہناز بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے ،جبکہ مجلس عاملہ کی دس نشستوں پر پہلے ہی امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا جا چکا ہے ۔