لاہور(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)لیڈی ہیلتھ ورکرزکے پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ،پنجاب حکومت نے لیڈی ہیلتھ ورکرزکے مطالبات تسلیم کرلیے جس کے بعدلیڈی ہیلتھ ورکرزنے مال روڈپرجاری دھرناختم کرنے کا اعلان کردیا۔مذاکرات لیڈی ہیلتھ ورکرزکے نمائندوں اوروزیرقانون پنجاب کے درمیان سی سی پی اوکے دفترمیں ہوئے ،صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت نے مذاکرات کے بعد وزیراعلیٰ کولیڈی ہیلتھ ورکرزکے مطالبات سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنادی، وزیرقانون راجہ بشارت کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا، وزیر صحت، وزیر بہبود آبادی، سیکرٹری پرائمری اینڈسکنڈری ہیلتھ کیئر،سیکرٹری ریگولیشن،سیکرٹری خزانہ اورحکومت کا نمائندہ بھی کمیٹی میں شامل ہوگا،کمیٹی کو جلد از جلد اپنی سفارشات پیش کرنے کا حکم دیدیاگیا ۔ صدرلیڈی ہیلتھ ورکرزپنجاب رخسانہ انورنے کہاکہ25سال پرانا مسئلہ آج حل ہوگیا، ہمارے 3مطالبات پورے ہوگئے ،مطالبات کی منظوری کے بعد دھرنا ختم کررہے ہیں۔کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کے روز ہوگا۔