کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہونگی ۔ میچ کیلئے آسٹریلیا نے اپنی پلینگ الیون کا اعلان کر دیا ہے ۔کینگروز کی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز (کپتان)، نتھن لیون اور مچل سوئپسن شامل ہیں۔پیٹ کمنز کے مطابق لیگ سپنر مچل سوئپسن آج ڈیبیو کریں گے جنہیں جوش ہیزل ووڈ کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔پیٹ کمنز کے مطابق پہلے ٹیسٹ کی کارکردگی سے مایوس نہیں ہیں مگر ہمیں اور وکٹیں لینا ہوں گی۔دوسری طرف میچ کیلئے قومی ٹی میں فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی اور فہیم اشرف کو افتخار احمد کی جگہ موقع دیا جاسکتا ہے ۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے گزشتہ روز ٹیم کے ساتھ بھرپور پریکٹس بھی کی ہے تاہم دو روز قبل فہیم اشرف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں جس کے بعد کہا جا رہا تھا کہ فہیم اشرف کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی شرکت مشکوک ہو گئی ہے ۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تھا۔