کراچی(سٹاف رپورٹر)گلبرگ محمدی کالونی میں جھگڑے کے دوران تشددسے کم عمرلڑکاجاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقے محمدی کالونی کیفے پیالہ ہوٹل کے قریب ویڈیو گیم کی دکان پردوکم عمر لڑکوں میں پہلے گیم کھیلنے کے معاملے پرجھگڑاہوگیا،جس میں لاتوں اورمُکوں سے 15 سالہ شاہزیب جتوئی ولد اقبال جتوئی شدید زخمی ہوگیا،جس کو نیم بے ہوشی کی حالت میں عباسی شہیدہسپتال منتقل کیاجارہاتھاکہ وہ راستے میں ہی دم توڑگیا۔متوفی کاوالداقبال پوسٹ مارٹم کے بعدمیت آبائی علاقے سردار گڑھ ضلع رحیم یارخان لے کرروانہ ہوگیا۔ایس ایچ او رافع تنولی نے بتایاکہ محمدی کالونی میں واقع ویڈیوگیم اورسنوکر کی دکان میں مقتول شاہزیب اور12سالہ راجونامی لڑکے کاویڈیوگیم کھیلنے کیلئے ٹوکن کے حصول پرجھگڑاہوا،جس میں لاتوں اور مُکوں کااستعمال کیاگیا اوراس دوران شاہزیب کے جسم کے نازک حصے پرلاتیں اورمکے لگے جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔انھوں نے بتایاکہ واقعے کے بعدراجوجائے وقوع پرفرارہوگیا،جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔