لاہور(خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ تبدیلی کی باتیں پہلے دن سے سن رہے ہیں جبکہ حکومت نے کامیابی سے ایک سال مکمل بھی کر لیا، لہذا ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں نیزحکومتی صفوں میں دراڑ کا تاثربھی بالکل غلط ہے ۔وہ پنجاب اسمبلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر قانون نے مزید کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے حکومت ہنگامی اقدامات کر رہی ہے تاہم اس کا انحصاراشیا کی رسد اور طلب پر بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے میں حکومت نے ایک لمحے کی کوتاہی یا بدنیتی کا مظاہرہ نہیں کیا۔راجہ بشارت نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں قانون سازی کا بھر پور ایجنڈا لے کر آئے ہیں۔ راجہ بشارت نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بزنس ایڈوائزری کمیٹی قائم کی ہے ۔ حمزہ شہباز اورخواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز پر انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام فیصلے پارٹی کے اندر اعلیٰ قیادت کے ساتھ باہمی مشاورت سے کرتی ہے ۔