مانچسٹر (92 نیوزرپورٹ) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کیریئرکی اہم فائٹ ہار گئے ، حریف کیل بروک نے عامر خان کو ناک آؤٹ کردیا،12راؤنڈز پر مشتمل فائٹ چھٹے راؤنڈز میں ختم کرنا پڑگئی،مانچسٹر ارینا میں ہونے والی فائٹ میں پاکستانی شائقین بڑی تعداد میں عامر خان کو سپورٹ کرنے پہنچے تھے لیکن عامر خان کسی ایک راؤنڈ میں بھی کیل بروک پر حاوی نہ ہو سکے یہاں تک کے ان کیلئے دفاع کرنا بھی انتہائی مشکل ہو گیا،ریفری نے عامر خان کی حالات دیکھ کر میچ ختم کر دیا اور کیل بروک کو فاتح قرار دیدیا، فاتح باکسر ابتداء سے ہی حاوی نظر آئے اور مکوں کی بارش کر کے عامرخان کو نڈھال کر دیا،،کیل بروک سے شکست کے بعد باکسر عامر خان نے کہا کہ انہوں نے میچ سے پہلے ٹریننگ کے لیے بہت محنت کی لیکن شاید کچھ کمی رہ گئی تھی۔باکسر عامر خان نے مانچسٹر ارینا آئے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔عامر خان سے جب ان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ یقیناً سوچنے کی بات ہے ، میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں کبھی نہیں چاہتا کہ باکسنگ مجھے ریٹائر کرے ، میں باکسنگ سے ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔ اب میں اس کھیل کے لحاظ سے بوڑھا ہو رہا ہوں، اب میں اپنے بچوں اور اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔