کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لیے ملجم کلاس کارویٹ کی تعمیر شروع کرنے کی تقریب ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے ایم ایس اسفات کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے ملجم کارویٹ کی بنیادرکھنے کو باعث فخر موقع قرار دیا۔ انہوں نے وزارت دفاعی پیداوار ، پاکستان نیوی، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور ترکی کے ایم ایس اسفات کے مابین تعاون ایک تاریخی موقع ہے جس کے تحت دو کارویٹس کی تعمیر پاکستان اور دو کی تعمیر ترکی میں کی جا رہی ہے ۔نیول چیف نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خودمختاری کی پالیسی کے تحت اور پاکستان میں جدید ترین جنگی جہاز کی تعمیر اطمینان بخش امر ہے ، ان جہازوں کی تعمیر جدید معیار کے مطابق کی جا رہی ہے ۔یہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گے جن میں سطح آب سے سطح آب، سطح آب سے فضا میں مار کرنے والے میزائل اور اینٹی سب میرین ہتھیار شامل ہیں۔ قبل ازیں،منیجنگ ڈائریکٹرکراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے کراچی شپ یارڈکی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا ۔