لاہور،ملتان،ڈیرہ غازیخان ( وقائع نگار،سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول جنوبی پنجاب کے مختلف شہرو ں کے 24 گھنٹے مسلسل طوفانی دورے کئے ،وزیر اعلی عثمان بزدار اسلام آباد سے ملتان پہنچے ، ملتان سے تونسہ شریف، ڈیرہ غازی خان اور پھر مظفر گڑھ گئے اور گزشتہ روز علی الصبح بذریعہ سڑک ملتان واپس پہنچے ۔عثمان بزدار 4 شہرو ں کے مسلسل دورے کرنے والے پہلے وزیر اعلی ہیں۔وزیر اعلی عثمان بزدارکی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی پر 27 افسروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔12 افسرمعطل کئے گئے جبکہ 4 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیااور متعدد افسر وں کو شوکاز نوٹس دیا گیا اور ان کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرڈی ایس پی ملتان، ایس ایچ او ملتان اور سرکل انچارج سپیشل برانچ کو معطل جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ڈیرہ غازی خان(ایڈیشنل چارج اے سی تونسہ)، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تونسہ، تحصیل آفیسر (آئی اینڈ ایس) تونسہ اور ایس ایچ او تھانہ تونسہ سٹی کو بھی معطل کر دیا گیا۔اسی طرح ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کے ضلعی انچارج کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔انچارج ریسکیو 1122 سنٹر تونسہ، ایڈمن افسر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ، انچارج میڈیسن تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر تونسہ کے ڈاکٹر،ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے انچارج ایمرجنسی کوبھی معطل کر دیا گیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈیرہ غازی خان (اضافی چارج مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈیرہ غازی خان) کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ز،آرپی او ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہارکیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈی ایس پی تونسہ، سپرنٹنڈنگ انجینئراور ایکسیئن ہائی وے ڈیرہ غازی خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفر گڑھ کو بھی شوکاز نوٹس دیا گیا ۔مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کی کارکردگی پر اظہار ناراضگی کیا گیا ہے اورایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ۔اسی طرح پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ تونسہ کے ایکسیئن اور ایس ڈی او کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ افسران اب کام کریں گے یا گھر جائیں گے ۔ ترقیاتی کاموں میں سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران کو عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا۔ عوام کو ریلیف نہ دینے والے افسران کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ۔بہت برداشت کر لیا،اب عوام کو سہولتیں نہ دینے والے افسروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے تونسہ میں ریسکیو1122 سنٹر کا بھی دورہ کیا اور عملے سے گفتگو کی -تونسہ کے دورے کے بعد وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار رات کے پچھلے پہر ڈیرہ غازی خان پہنچے ۔وزیراعلی عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیااور مریضوں اور انکے تیمارداروں سے سہولیات اور ادویات کی فراہمی کاپوچھا-مریضوں کے تیمارداروں کی جانب سے ادویات اور تھر مامیٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اورمریضوں سے ادویات اور تھرما میٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت محمد حنیف پتافی کو معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے بعد مظفر گڑھ پہنچے اور شہر کا دورہ کیا جبکہ علی الصبح 4 بجے ملتان پہنچے اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیااور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں پاکستان میں اٹلی کے سفیرآندریاس فیراریس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری اور اراکین قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں سردار نصراللہ خان دریشک،سردار طالب نکئی، رضا نصراللہ، خرم شہزاد،ڈاکٹر محمد افضل خان اور ریاض فتیانہ شامل تھے ۔منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔