اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم ، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید4افرادکی جان لے لی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹراوروزارت قومی صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران34698کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.42فیصد رہی،493نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 17512ہو گئے ،567مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 1003مکمل صحتیاب ہو گئے ۔دریں اثنا این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا سے متعلق تمام پابندیوں کو ختم کر دیا۔سربراہ این سی او سی اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا سے متعلق تمام صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوئے جس کا اچھا نتیجہ نکلا ۔ملک بھر میں 70 فیصد افراد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہو چکے ۔کورونا میں کمی آ چکی اور اب یہ معمول کا حصہ ،کیسز میں مزید کمی آ رہی ۔ مارکیٹس، شادیوں، کھیل اور مذہبی حوالے سے پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ صرف ویکسین لگوانے کی شرط برقرار رہیگی۔ عوام کو قائل کرنے کیلئے علما کرام نے بہترین کردار ادا کیا جبکہ ہیلتھ کیئر ورکرز کی جانب سے بھی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے ۔ خواتین ہیلتھ کیئر ورکرز نے جس طرح سے کام کیا وہ قابل ستائش ہے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 106نئے کیس سامنے آگئے جبکہ مزیدکوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا ۔لاہور سے مزید68، راولپنڈی سے 7، فیصل آباد سے 6کیس رپورٹ ہوئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں60لاکھ77ہزار سے زائد ہو گئیں۔