نیوٹریشن

میں ذہنی دبائو اور بے چینی کا شکار رہتی ہوں،کیا غذا میری اس کیفیت کو کنٹرول کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے؟(فوزیہ ،ملتان)

خوشی کا احساس جگانے والا ہارمون ’’سیروٹونن‘‘کہلا تا ہے،آپ یہ سن کر حیران ہو ں گی کہ اس کی ستر فیصد پیداوار معدے سے مقعد میں جانے والی آنت میں ہو تی ہے۔لہٰذا اگر آپ خوش اور ریلیکس رہنا چاہتی ہیں تو ضروری ہے کہ آپ اپنے معدے کی صحت کا خیال رکھیں۔اس کیلئے ان ٹپس پر عمل کریں۔

اس بات کی یقین دہانی کر لیجئے کہ آپ کا جسم پانی کی کمی کا شکار نہ ہو،زیادہ سے زیادہ پانی پیجئے،ہر بل چائے پیجئے لیکن کو شش کریں کہ پلاسٹک کی بوتل میں پانی ہر گز نہ پئیں۔کیونکہ پلاسٹک کی بوتل والا پانی جسمانی ہارمونز کے نظام کو بگاڑ نے کا سبب بنتا ہے۔دن بھر کی خوراک میں زیادہ سے زیا دہ  پھل اور کچی سبزیوںکو شامل کیجئے۔اس سلسلے میں آپ پھلوں اور سبزیوں کے ملاپ سے بنی سمودیز،جوس، اور سوپ لے سکتی ہیں۔ایسی غذائیں لیں جن میں ٹائپٹوفان پایا جا تا ہو،یہ دراصل امینوایسڈ ہے ،جو سیروٹونن کی پیداوار میں مدد فار ثابت ہو تا ہے۔اس کے ذرائع میں پانی میں بھگو کر استعمال کیے جانے والے خشک میوہ جا ت ،انڈے ،کچے اوٹس اور بران یعنی آٹے کی بھوسی ،ایواکاڈو وغیرہ شامل ہیں۔

سپلیمنٹس کی بات کریں تو وٹامن بی 5،وٹامن سی،اور میگنیشیم بھی ذہنی تنائو کو ختم کر تے ہیں،اور ایڈرنل گلینڈزکو تقویت دیتے ہیں۔اس کے علاوہ آپ اومیگا 3,6اور9لے سکتی ہیں۔قدرت کے نظاروں سے محظوظ ہو ں،باہر چہل قدمی کیلئے جائیں ،کوشش کیجئے صبح صبح گھاس پر ننگے پائوں چہل قدمی کریں۔اس کے علاوہ صبح کی ابتدائی سورج کی کرنیں بھی وٹامن ڈی کا بہترین ذریعہ ہو تی ہیں۔یہ بات ذہن نشین کیجئے کہ جسم وہی محسوس کرتا ہے جیسا آپ سوچتے ہیں۔