لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مودی پاکستان دشمنی میں اندھا ہوچکاہے ۔ 11 پاکستانی ہندوئوں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں ۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ جماعت اسلامی ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ حیرت ہے کہ وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی مگر مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا ، حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے 70 لاکھ سے زیادہ لوگوں سے روزگار چھین لیا، ملک کا مزدور اور کسان دن رات حکومت سے نجات کے لیے دعائیں کر رہاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی،یہ واحد حکومت ہے جس نے کورونا کے دوران ملنے والی اربوں روپے کی امداد ی رقم بھی ہڑپ کرلی اور متاثرین کے ہاتھ کچھ نہیں آیا ،حکومت نے احتساب کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر دو سال سے صرف مخالفین کا احتساب کر رہی ہے کسی وزیر مشیر کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا ۔ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا وہ خود حکومت میں بیٹھے ہیں ۔