ایسا لگتا ہے کہ عمران خان نے دانستہ اسلام آباد کی جانب اپنی پارٹی کے لانگ مارچ کی رفتار کو کم کر دیا ہے۔بہر حال قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مظاہرین کو تحفظ فراہم کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کا چیلنج بڑھتا جا رہا ہے، خاص طور پر قاتلانہ حملے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے زخمی ہونے کے بعد سے سکیورٹی کے لیے مزید انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ان حالات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کو ہائی الرٹ کر دیا گیاہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومتوں نے بنیادی طور پر سیاسی بنیادوں پر اسلام آباد انتظامیہ کی مدد سے انکار کر دیا ہے، جس نے اسلام آباد پولیس کے کام کومزید مشکل بنا دیا ہے۔ متبادل طور پر، اسلام آباد پولیس نے سندھ پولیس اور ایف سی سے درخواست کی کہ وہ پی ٹی آئی کے مظاہروں کے دوران دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے میں مدد کریں۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسلام آباد کی طرف جانے والی کے پی اور پنجاب کی تمام اہم شاہراہوں کو بند کر دیا تھا، اس طرح اسلام آباد میں عوام کو آمدورفت میں بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑا، زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔پی ٹی آئی کوئی پہلی بار وفاقی دارالحکومت میں کاروبار ِ زندگی کو نقصان نہیں پہنچا رہی اور نہ ہی یہ پہلی سیاسی جماعت ہے جو اپنے سیاسی مطالبات کے لیے زبردستی اقدامات کا استعمال کرتی ہے۔حالیہ دنوں میں تقریباً تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے یہ حربہ استعمال کیا ہے۔ تاہم، تحریک لبیک پاکستان واحد جماعت رہی ہے جس نے احتجاج سے آخر کار کچھ نہ کچھ حاصل کیا۔اگرچہ ٹی ایل پی کی قیادت کو شکایت ہے کہ ریاستی اداروں نے ان کے وعدوں کو پورا نہیں کیا لیکن ان کے بہت سے مطالبات درحقیقت مکمل یا جزوی طور پر پورے کیے گئے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کی ایک طویل تاریخ ہے لیکن ٹی ایل پی کے مقابلے میں اس کا کارکن کم پرتشدد رہا ہے۔ اس حقیقت کے باوجود کہ اس کے پیروکاروں پر بھی بہت الزامات لگتے ہیں۔ ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اس احتجاج کو صرف ریاستی اداروں پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اس سلسلے میں اپنی حمایت کی بنیاد کو متحرک کرتے رہتے ہیں۔تاہم، متواتر یا طویل مظاہروں کے متعدد مضمرات ہوتے ہیں۔ یہ نہ صرف ملک کو ایک طویل سیاسی بحران کی طرف لے جاتے ہیں بلکہ روزمرہ کی زندگی کے کاروبارمیں خلل ڈالنے کے علاوہ معیشت اور ریاستی کاروبار کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں جب بھی ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو اس صورتحال سے احتجاج کی قانونی حیثیت اور اس کے سیاسی اور سکیورٹی سے متعلق جہتوں پر بحث چھڑ جاتی ہے۔حال ہی میں سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے احتجاج کے دوران سڑکوں کی بندش کے حوالے سے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ دیگر شہریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر کر کے اظہار رائے کی آزادی کا حق استعمال نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ریاست صرف مظاہروں کو سہولت فراہم کرنے کی ذمہ دار نہیں ہے ،بلکہ اس کی اولین ذمہ داری ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔درحقیقت،یہ آئین کے آرٹیکل 16 کے مطابق ایک اہم مشاہدہ ہے، جو ہر شہری کو "پرامن طریقے سے اور بغیر ہتھیاروں کے جمع ہونے کا حق دیتا ہے، عوامی مفاد میں قانون کی طرف سے عائد کی گئی کسی بھی معقول پابندی کے تابع"۔تاہم، سیاسی بحران کے دوران امن عامہ کو برقرار رکھنا ایک بہت بڑاچیلنج ہے۔امن عامہ کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، اگر کوئی پارٹی انتظامیہ کو مطمئن کرنے میں ناکام رہتی ہے تو وہ مظاہرے کی اجازت سے انکار کر سکتی ہے۔فریقین اکثر ضلعی انتظامیہ کے فیصلوں کو عدالتوں میں چیلنج کرتے ہیں اور زیادہ تر معاملات میں ریلیف حاصل کرتے ہیں۔ نومبر 2019 میں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے مشاہدہ کیا کہ غیر مسلح افراد کی طرف سے پرامن احتجاج ایک آئینی طور پر محفوظ حق ہے۔ غیر معمولی حالات میں ریاست صرف قومی سلامتی کی بنیاد پر کسی شخص کو احتجاج کا حق استعمال کرنے سے روک سکتی ہے۔بھارت سمیت کئی ممالک میں سڑکوں کی بندش غیر قانونی نہیں ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان میں سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے 2020 میں متنازعہ کسان قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کو سڑکوں سے ہٹانے کی درخواست پر بھی ایسا ہی فیصلہ دیا تھا۔عدالت نے اپنے آپ کو احتجاج میں مداخلت کرنے سے روک دیا تھا اور یہ مشاہدہ کیا تھا کہ ’’یقینی طور پر اس طرح کے حقوق کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو سکتی جب تک کہ یہ غیر متشدد ہو اور دوسرے شہریوں کی جان و مال کو نقصان نہ پہنچائے‘‘۔تاہم، ہندوستان اور پاکستان کی عدالتیں واضح طور پر اپنے اپنے آئین میں درج عوامی نظم کی تعریف کرنے سے گریز کرتی ہیں۔مثال کے طور پر، اسلام آباد ہائی کورٹ نے حال ہی میں پی ٹی آئی کی طرف سے دی گئی لانگ مارچ کی کال کے مطابق کیپٹل پولیس کو قانون کے مطابق اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔قانون نافذ کرنے والے محکمے حالات کے مطابق اس کی تشریح کر سکتے ہیں اور سیاسی تحفظات کے لیے دروازے کھول سکتے ہیں۔ 'پبلک آرڈر' ایک مشکل اصطلاح ہے اور اس کی کئی طریقوں سے تشریح کی جا سکتی ہے۔ پاکستانی تناظر میں، پولیس اور مقامی انتظامیہ اکثر اساتذہ، کسانوں، نوجوان ڈاکٹروں اور نرسوں کے پرامن احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتی ہے۔ وہ ان لوگوں کے مظاہروں کو بھی نہیں بخشتے جو بینائی سے محروم ہیں۔ان کے پاس بہترین عذر یہ ہے کہ مظاہرین امن عامہ کو درہم برہم کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم، جب بھی مذہبی اور سیاسی جماعتیں مظاہرے شروع کرتی ہیں تو وہ مختلف ردعمل کا اظہار کرتے ہیں۔ مذہبی جماعتیں اس سلسلے میں زیادہ مراعات یافتہ نظر آتی ہیں کیونکہ مقامی انتظامیہ ان کے احتجاج سے نمٹنے کے دوران بہت الجھن کا شکار ہو جاتی ہے۔ ملک میں پرتشدد اور غیر متشدد سیاسی اور مذہبی تحریکوں کی طویل تاریخ کے علاوہ ،اسٹیبلشمنٹ بعض احتجاجی تحریکوں کو اکسانے اور ان کی حمایت کے لیے اہم رہی ہے۔اس نے مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال کیا ہے، جویا تو پھر ان کے قابو سے باہر ہو گئی ہیںیا قومی اور بین الاقوامی مقاصد کے لیے مخصوص بیانیے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے استعمال ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ایسے معاملات میں،پولیس ایکشن ایک پیچیدہ چیلنج بن جاتا ہے، پولیس کمانڈ اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ہچکچاتے ہیں۔سویلین حکومتیں بھی پولیس کو ایسے معاملات میں استعمال کرتی ہیں جیسا کہ اب ہو رہا ہے۔ پنجاب اور کے پی پولیس اسلام آباد پولیس کو اپنا تعاون دینے سے گریزاں ہیں۔ وفاق میں پولیس اکیلے حالات کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہے۔سیاسی انتشار کے وقت امن عامہ کو برقرار رکھنے سمیت داخلی سلامتی کے تمام چیلنجوں کے واحد حل کے طور پر اکثر غیر سیاسی پولیس فورس کی سفارش کی جاتی ہے۔اس طرح کی پولیس فورس پاکستان میں ایک دیرینہ خواب ہے، لیکن نہ حکومت، نہ اسٹیبلشمنٹ اور نہ ہی عدلیہ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔پولیس ان کے اور عوام کے درمیان محض ایک رکاوٹ ہے ، جسے اپنی تمام ناکامیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔