وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آبادمیں 20ہزار گھروں کی تعمیر کے 7منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ 20ہزار آغاز ہے ابھی ہم نے 50لاکھ گھر بنانے ہیں۔ بنظر غائر دیکھا جائے تو حکومت نے 20ہزار گھروں سے آغاز کر کے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے اپنے وعدے کو ایفا کرنے کا آغاز کر دیا ہے‘ یہ بہت اچھا اقدام ہے اس سے نہ صرف بے گھروں کو اپنے آشیانے نصیب ہونگے بلکہ نیا گھر ہائوسنگ سکیم سے 40صنعتیں بھی چلیں گی۔ اس سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونگے اور بے روزگاری کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم کی یہ بات بالکل بجا ہے کہ پہلا قدم اٹھانا مشکل ہوتا ہے۔حکومت نے نئی نوکریاں دینے ‘ صحت کارڈ وں کی فراہمی‘ پناہ گاہوں کی تعمیر اور نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے متعدد وعدے کر رکھے ہیں‘ کچھ ماہ پہلے تک ان وعدوں کو ایفا کرنے کے لئے حالات بظاہر موزوں نہیں لگ رہے تھے تاہم اب بدلتے ہوئے عالمی حالات اور ملک کی معاشی صورتحال میں ان تمام پروگراموں پر قدم بڑھانے کا وقت آتا جا رہا ہے جس سے حالات میں بہتری اور مثبت تبدیلی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔حکومت کو چاہیے کہ سردست 20ہزار گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے تمام مراحل کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرے تاکہ بے گھرافراد کی برسوں کی امیدیں بار آور ہو سکیں۔