اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر ) ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے صدر عارف علوی اور دیگر عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں دونوں ممالک نے دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی سے ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے ملاقات کی جس میں تجارت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ، دونوں ممالک نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے ، ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یرداکل بھی موجود تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک ترک تعلقات کو دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ،تجارت، آئی ٹی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانا ہوگا ، پاکستان قبرص پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، مسلمانوں کی نسل کشی میں بھارتی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرنے بالخصوص تنازعہ جموں و کشمیر ، پر ترکی کا شکریہ ادا کیا، فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن سے تجارت اور روابط کو فروغ ملے گا، جنرل یاسر گلر نے یوم پاکستان پریڈ کے کامیاب انعقاد پر صدر کو مبارکباد دی۔ جنرل یاسر گلر نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی ، آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دوطرفہ و علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ فوجی و دفاعی تعاون میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ترکی ہر مشکل کے ساتھی، تذویراتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے ۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سربراہ ترکش جنرل سٹاف اور ایئر آفیسر کمانڈنگ 22 گروپ رائل ایئر فورس سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے ۔سربراہ پاک فضائیہ نے ایئر آفیسر کمانڈنگ 22 گروپ رائل ایئر فورس، ایئر وائس مارشل رچرڈ میڈیسن کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ جنرل یاسر گلر نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی منظم اور پیشہ ور مسلح افواج کی موجودگی میں کوئی بھی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پریڈ کے منتظمین کو اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب میں صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی مضبوط مسلح افواج کی بدولت ہی مضبوط اور مستحکم ہے ، پاکستان ہمیشہ مشکل صورتحال سے کامیابی سے نکلا ہے اور اس نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا یا ہے ، ہماری پاک فوج دنیا میں واحد فوج ہے جس نے دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا، اس جنگ میں ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی صلاحیت اپنے دفاع کیلئے حاصل کی اور یہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، قوم کو کوئی آنچ نہیں پہنچاسکتا، بھارت کو بھی ہماری طاقت کا اندازہ ہے ، ہماری پرامن اور اصول پسند آواز کا دنیا پر اثر ہوگا،موجودہ حالات میں ہر وقت چوکنا رہنا ہے ، دنیا جو مرضی کہتی رہے ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر نے مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں اس دیرینہ تنازع کے حل میں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے ۔ قبل ازیں صدرمملکت نے یوم پاکستان کی شاندارپریڈ کے انعقاد پر پریڈ کے منتظمین میں اعزازات تقسیم کئے ۔ تقریب میں مسلح افواج کے سینئر افسروں نے بھی شرکت کی۔