اسلام آباد ، راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ، خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار امن اور استحکام کے سفر میں ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے ، یہ عمل مشکل لیکن مثبت سمت میں جاری ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے سٹوڈنٹ افسران اور فیکلٹی سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی کے امور پراپنے خیالات کا اظہار کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاکستان ماضی قریب میں چیلنجز کے سامنے ڈٹا رہا، پاکستان پائیدار امن و استحکام کے سفر میں ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے ۔ امن اور استحکام کا یہ سفر مشکل لیکن مثبت سمت میں ہے ۔ ہمیں ثابت قدمی کے ساتھ قومی مقاصد کے حصول کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ آرمی چیف نے مشرقی سرحد پرحالیہ کشیدگی اور دہشتگردی کیخلاف حالیہ آپریشنز میں نوجوان افسران کی کارکردگی کو بھی سراہا۔آرمی چیف نے قومی سلامتی کے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے افسروں کی پیشہ ورانہ لگن کو بھی سراہا ۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ بھی موجود تھے ۔