اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم نواز شریف کی زمین اور ملز میں شیئرز کی مکمل تفصیلات سامنے آ گئیں،نیب کے تفتیشی افسر محمد راحیل اعظم نے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کرادی، نیب رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے اثاثوں کے لیے الیکشن کمیشن، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو خطوط لکھے گئے ۔ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے چار کمپنیوں میں شیئرز ہیں، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں ان کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 ،حدیبیہ پیپر ملز میں3لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز ،حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں 22 ہزار 213 اوراتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48ہزار 606 شیئرز ہیں۔لیگی قائد کے مختلف نجی بینکوں میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس ہیں،5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزارروپے ،غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں، مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد شامل ہے ، نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ہے ۔ لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال ،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی ،موضع مال رائے ونڈ میں 103 کنال، موضع سلطانکے میں 312 کنال اراضی، ضلع شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروزوطن میں 88 کنال اراضی ہے ۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اور اسلام آباد کے مطابق نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹرز رجسٹرڈ ہوئے ،وہ ایک لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز گاڑیوں سمیت 2 ٹریکٹروں کے مالک ہیں۔ واضح رہے جمعرات کو احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کے پاکستان میں موجود اثاثوں کی قرقی کا حکم دیا تھا۔