جوہانس برگ(نیٹ نیوز) دنیا بھر میں فالتو کنٹینروں کی بھرمار ہے اور ان کے استعمال کے مختلف پہلو سامنے آتے رہتے ہیں لیکن جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ڈرائیو لائنز سٹوڈیو کے نام سے ایک مختلف طرز کی عمارت دکھائی دیتی ہے جسے 140 کنٹینروں سے تیار کیا گیا ہے ۔اس سے پہلے اسی شہر میں طالب علموں کے لیے کنٹینر پر رہائشی کمرے تیار کیے گئے جن کی کامیابی کے بعد پورے خاندان کے لیے کنٹینر بلڈنگ بنائی گئی ہے ۔ اس عمارت میں اپارٹمنٹس ہیں، سیڑھیاں اور لفٹس بھی ہیں۔ کنٹینر بلڈنگ کو کچھ اس طرح مرتب کیا گیا ہے کہ اس میں ایک جانب کشادگی اور دوسری جانب بچوں کے کھیلنے کی جگہ بھی رکھی گئی ہے تاہم یہ گھر 300 سے 600 مربع فٹ وسیع ہیں۔عمارت سازی کے لیے 140 مختلف رنگوں کے کنٹینروں کا انتخاب کیا گیا۔ دھاتی کنٹینر سردی گرمی روکنے میں بہت خراب واقع ہوتے ہیں اس لیے ان میں انسولیشن مٹیریل لگانے کے بعد اوپر تلے رکھا گیا۔ اس کے بعد ہوا اور بارش سے انہیں گرنے اور پھسلنے سے بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے گئے یہاں تک کہ سات منزلہ عمارت وجود میں آگئی۔ اس کے بعد گھروں میں کھڑکیاں اور دیگر اندرونی تزئین و آرائش کی گئی۔ہر گھر میں باورچی خانہ، کھانے کا کمرہ ، بیڈ روم اور باتھ روم بنائے گئے ہیں ۔ گراؤنڈ فلور پر کچھ دکانیں اور گھر نکالے گئے ہیں جبکہ بقیہ فلور صرف رہائش کیلئے مختص ہیں۔