اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے 13منحرف ارکان نے شوکازنوٹس کا جواب دیدیا۔ پارٹی سیکرٹری جنرل اسدعمرکوجواب جمع کرانے والوں میں نورعالم خان،رمیش کمار، احمدحسین ڈیہڑ،افضل خان ڈھانڈلہ ،نواب شیروسیر، راجہ ریاض، راناقاسم نون، عبدالغفار وٹوشامل ہیں،باسط بخاری،عامرطلال گوپانگ،ریاض محمودمزاری،وجیہہ قمراورنزہت پٹھان نے بھی شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا۔ایم این اے رمیش کمارنے جواب میں کہا شوکاز نوٹس تاحال موصول نہیں ہوا،ٹی وی سے پتہ چلا،ایک دن اطلاع ملی میرانام منحرف ارکان کی فہرست میں شامل کرکے وزیراعظم کوپیش کیا گیا ،اسی روز وزیراعظم سے ملاقات کی،تحفظات بتائے اوراعتمادکااظہارکیا، اگلے روزپارلیمنٹ لاجزمیں میری فیملی کودھمکایاگیا،سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پارلیمنٹ لاجزسے نکل کرگیا،توقع تھی پی ٹی آئی کی صفوں میں متشدداورگالم گلوچ عناصرکو نکالا جائیگا،بدقسمتی سے قیادت نے گالم گلوچ کرنیوالے کیخلاف کوئی مذمتی بیان تک جاری نہیں کیا،وزیراعظم کوکہاتھا وقارکیساتھ استعفیٰ دیدیں۔نور عالم نے جواب میں کہامجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیرحقیقی ہیں،میں نے کوئی ایسا انٹرویو میڈیامیں نہیں دیا جس کی وضاحت کی ضرورت پڑے ،میں نے تحریک انصاف کو چھوڑا نہ ہی پارلیمانی پارٹی سے الگ ہوا ہوں،میرے اوپر آرٹیکل 63 کا ہر گز اطلاق نہیں ہوتا، ذاتی پیشی کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتا۔ احمد حسین ڈیہڑ نے اپنے جواب میں کہا مجھ پر غیرحقیقی اور جھوٹے الزامات لگائے گئے ، تمام الزمات کی تردید کرتا ہوں،کبھی نہیں کہا میں نے تحریک انصاف کو چھوڑ دیا ،میری وابستگی تحریک انصاف سے ہے ،ذاتی طور پر پیش ہو کر جواب دینے کی ضرورت نہیں۔