لاہور(نمائندہ خصوصی سے /وقائع نگار) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں لیکن خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے ، اپوزیشن کے پاس ہمارے کچھ بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی اپوزیشن کے کچھ بندے ہیں، اپوزیشن اپنے جال میں خود پھنس گئی ، کوئی کہیں نہیں جارہا، عثمان بزدار کے جانے کی باتیں بھی افواہیں ہیں کیونکہ وہ عمران خان کو چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے ۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جے یوآئی کو ان کی ڈیمانڈ کے مطابق جلسے کی اجازت دے دی، ن لیگ کی ابھی تک جلسے کی کوئی درخواست نہیں آئی، کل کوئی واقعہ ہو جائے تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہو گی،عمران خان تاریخی جلسہ 27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے ،ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے سوشل میڈیا پر فوج ، عدلیہ کیخلاف بولنے والوں کیخلاف فوراً کارروائی کریں،آج کے بعد سے آپ اچھی خبریں سنیں، حالات روز بہتری کی طرف جائیں گے ، اتحادیوں سے پوری امید ہے ، پاکستان کی عدلیہ دور اندیش اور صاحب علم ہے ، مہنگائی ہمیں ڈس چکی تھی، 25 مارچ کو صرف دعائے خیر ہوگی ۔بلاول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس کے ابھی دودھ کے دانت نہیں ٹوٹے ،وہ تو کہہ رہا تھا او آئی سی کانفرنس نہیں ہوگی مگر تاریخی کانفرنس ہوئی، اس پر تمام اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اپوزیشن کو اب فوج کا خیال آ گیا ہے بہت اچھی بات ہے ، جو فوج یا عدلیہ مخالف مہم چلائے گا اسے سختی سے کچل کر رکھ دوں گا، پارٹیاں بدلنے سے کوئی عزت نہیں ملتی ، اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے ۔