لاہور(سٹاف رپورٹر )لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ خراب موسم اور لاہور سمیت لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور آندھی کے باوجود لیسکو کا ترسیلی نظام مستحکم رہا اور فیلڈ افسران کی بہترین حکمت عملی کے باعث پولنگ کے دوران بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنایا گیا۔ لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق لاہور سمیت لیسکو ریجن کے قصور اور شیخوپورہ ڈسٹرکٹس کے متعدد علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کی وجہ سے چند ایک مقامات پر عارضی ٹرپنگ پیش آئی جسے لیسکو کے فیلڈ سٹاف نے بروقت دور کرکے بجلی کی سپلائی فورا ہی بحال کردی۔ لیسکو کی جانب سے عام انتخابات 2018کے سلسلے میں پولنگ سٹیشنز پر بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جس کے مطابق پولنگ کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں خصوصی ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں ۔دریں ازاں چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ اور جنرل منیجر آپریشن چوہدری محمد انور ہیڈ آفس جبکہ تمام ایس ایز اور ایکسئینز اپنے اپنے دفاتر میں موجود رہے اور بجلی کی سپلائی کے عمل کی مانٹیرنگ کرتے رہے ۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈپنی کمشنز کی جانب سے انتخابات کے دوران بجلی کی سپلائی کو سو فیصد یقینی بنانے پر لیسکو کی بہترین کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ الیکشنز کے دوران بہترین انتظامات پر لیسکو کے تما م افسران اور فیلڈ اسٹاف بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔