لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ او آئی سی انڈیا کا معاشی بائیکاٹ کرے اور مسلمانوں سمیت بھارتی اقلیتوں کے تحفظ کیلئے آواز اٹھائی جائے ۔ ملک نااہل اور نالائق حکمرانوں کے ہتھے چڑھ گیا ۔ کل کے حکمران ہوں یا آج کے ،کسی نے بھی پاکستان کے نظریہ سے وفا نہیں کی جس کی وجہ سے ملک دو لخت ہوا اور باقی ماندہ مسائل کی آماجگاہ بنا ہواہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تیمر گرہ میں جے آئی یوتھ کے زیراہتمام سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکمران ہماری غیرت ، عزت اور وقار کی حفاظت نہیں کر سکے ۔ وزیراعظم اپنے بیرونی دوروں میں پوری قوم کو کرپٹ اور چور قرار دے کر سلطانی گواہ بن جاتے ہیں۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج پورے ملک میں کرونا کا خوف و ہراس پھیل چکاہے ۔ چائنہ میں 2 ماہ سے کرونا وائرس سے اموات ہور ہی تھیں مگر حکمران ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے اور اس وبا سے بچاؤ کیلئے کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا گیا ۔وائرس سے خوف زدہ ہونے کی بجائے اجتماعی توبہ و استغفار کی ضرورت ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سابق حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی صرف حکمرانی کیلئے ملک میں آتے ہیں ۔ ان کی اولادیں اور کاروبار امریکہ اور برطانیہ میں ہیں ۔ یہ قوم کو علاقائی اور مسلکی تعصبات کی بنیادوں پر تقسیم کر کے ملک پر مسلط ہو جاتے ہیں اور پھر قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک چلے جاتے ہیں ۔ان حکمرانوں کے خلاف اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔