اسلام آباد، کراچی (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس کی آڈیو ٹیپ کو ن لیگ کا ڈرامہ قرار دیدیا۔ا نہوں نے کہا لاہور کی کانفرنس میں اس شخص نے تقریر کی جو مفرور اور مجرم ہے ۔اسلام آباد میں کامیاب جوان کنونشن 2021 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا آجکل ٹیپس کی بات بہت ہورہی ہے ،میں بھی بات کرہی لوں، ٹیپس میں ججز کے نام آرہے ،یہ سارا ڈرامہ ہے ۔ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں مجرم کا خطاب افسوس ناک ہے ، تقریب میں چیف جسٹس کو مدعو کیا گیا اور خطاب ایک مفرور کرتا ہے ، جب ایک قوم کی اخلاقیات ختم ہوتی ہے تووہ تباہ ہو جاتی ہے ، ہمارا سسٹم کرپٹ ہے ، ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا،25سال پہلے سیاست میں آیا تو کہا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ، کرپشن کرنے والے یہ پیسہ باہر بھیج کر ملک کا دگنا نقصان کرتے ہیں، پانامہ میں آف شور کمپنیوں میں پیسہ چھپانے والوں کے نام آئے ، پانامہ لیکس پر عدالت میں کیس چلا اور نواز شریف کو سزا ہوئی، پہلے کہا گیا’مجھے کیوں نکالا‘ ،پھر فوج کو برا بھلا کہا گیا، مجھے بھی برا بھلا کہا گیا، میں توپبلک آفس ہولڈرنہیں تھا لیکن سپریم کورٹ میں اپنا 40 سالہ پرانا ریکارڈ دیا، میں نے رسیدیں دیدیں آپ بھی بتادیں لندن فلیٹس کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، دنیا میں کورونا کی وجہ سے برا وقت ہے ، ہر چیز مہنگی ہو گئی، یہ وقت ہمارے لیے مشکل ہے ، انشاء اللہ پاکستانی قوم ایک عظیم قوم بنے گی،40لاکھ خاندانوں کو سود کے بغیر گھر کیلئے قرضے دیں گے ۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کامیاب پاکستان کے تحت ہر خاندان کے ایک فرد کو 5 لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا۔ نچلے طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا بین الاقوامی برادری کو پولیو کے خاتمے میں افغانستان کی مدد کرنی چاہیئے تاکہ ہنگامی صورتحال سے بچا جاسکے ، اجلاس میں انسداد پولیو کیلئے دو سالہ نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان منظور کیا گیا ۔وزیر اعظم نے بین الاقوامی شراکت داروں کا مالی اور تکنیکی امدادپر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی بچوں کے دیگر ایمیونائزیشن پروگرامز کو بھی انسداد پولیو مہم کیساتھ چلایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کوریج حاصل کی جاسکے ۔انجنئیر انچیف پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے اجلاس کو پولیو ٹیموں کو فراہم سکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا۔بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے حکومت پاکستان کے انسداد پولیو اقدامات پراعتماد کا اظہار کیا اورمکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ ایرا کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا فالٹ لائنز پر تعمیرات کا کام زلزلے کے خطرات کے پیشِ نظر ہونا چاہیے ،نئی تعمیرات و آبادیوں میں سیاحت کے فروغ کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے ۔ اجلاس میں ایرا کو این ڈی ایم اے میں ضم کرنے کی اصولی منظوری دی گئی، ایرا کے تحت 2200 مکمل منصوبوں کو متعلقہ صوبائی حکومتوں و محکموں کے حوالے کرنے اور 230 نیم مکمل منصوبوں کو رواں مالی سال کے اختتام تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس کو نیو بالاکوٹ سٹی پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔وزیراعظم سے خیبر پختونخوا کے گورنر ، وزیرِ اعلی اور چیف سیکرٹری نے ملاقات کی۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور سروس ڈلیوری کی بہتری کیلئے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات پر گفتگو کی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا سیاحت کے شعبے کی ترقی سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے قانون سازی سمیت33بل پارلیمنٹ سے منظور کرانے پر مبارکباد پیش کی ۔ VEON گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کیلئے گروپ کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستانی نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹولز اور وسائل سے آراستہ کرنے کیلئے گروپ کی جانب سے اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات کو سراہا۔ وزیرِ اعظم سے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت طاہر جاوید نے ملاقات کی ۔ملاقات میں سمندر پار پاکستانیوں کے امور اور اسلامو فوبیا پر گفتگو کی گئی۔ طاہر جاوید نے سمندر پارپاکستانیوں کو حقِ رائے دہی دینے کے اقدام پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔