کراچی ( نیٹ نیوز) پاکستانی ٹی وی کے مقبول اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ میں باوضو ہو کر کام کرتا ہوں تو ایمانداری خود بخود آ جاتی ہے ۔ میں کیمرے کے سامنے جو وقت گزارتا ہوں وہ میری یاداشت کی ٹیپ میں نہیں ہوتا۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ میں نہیں بلکہ وہ میرا کردار ہوتا ہے ۔ بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے کہا کہ یہ عجیب سی بات ہے لیکن وہ ابھی خود کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نعمان اعجاز نے کہا کسی کردار کے لمحے (مومنٹ) میں جانا کوئی آسان نہیں ہوتا لیکن خدا کی عنایت ہے کہ میں اس لمحے میں چلا جاتا ہوں۔نعمان اعجاز نے کہا کہ وہ کوشش کرتے ہیں کہ وہ کبھی اپنا کوئی کردار نہ دہرائیں۔ نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی سیٹ پر جاتے ہوئے ڈر جاتے ہیں۔ اگر آپ اچھے انسان نہیں تو آپ اچھے پروفیشنل نہیں ہو سکتے ۔ اپنے حوالے سے تنازعات کے بارے میں نعمان اعجاز نے کہا کہ کوئی میری بات کا غلط مطلب لے تو وہ کیا کہہ سکتے ہیں۔ اگر آپ میرے حس مزاح یا مذاق کو نہیں سمجھ سکتے تو پھر یہ میرا مسئلہ نہیں۔ نعمان اعجاز نے کہا میں نیوز کاسٹنگ میں فیل ہوگیا تھا تاہم اداکاری کے لیے پاس ہو گیا۔