واشنگٹن( ویب ڈیسک) امریکی ریاست اوہائیو کے ایک گھر کی مالکن نے کبھی سوچا بھی نہ ہوگا کہ وہ ایک واقعہ کی وجہ سے اس قدر مشہور ہوجائے گی۔واقعہ کچھ یوں ہے کہ ایک بکرا انکے گھر میں عدم موجودگی کے دوران قیلولہ کے لیے گھر کا شیشہ توڑکر اندر داخل ہوگیا اور مکان کے باتھ روم میں جاکر سو گیا۔ اوہائیو کے سولیوان ٹاؤن شپ کے ایشلینڈ کاؤنٹی میں موجود گھر پر جب مالکن مسز جنیفر کیتھ لے کا اٹھارہ سالہ بیٹا سکول سے گھر پہنچا تو گھر کا پالتو کتا بکرے کی گھر میں موجودگی پر زور زور سے بھونک رہا تھا۔ جنیفر کیتھ لے کا بیٹا اس بن بلائے مہمان کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔ مسز جنیفر کیتھ لے نے بتایا کہ تھکا ہارا بکرا ایک مقامی فارم سے نکل کرآیا تھا اور گھر کے گرد چکر لگاتا رہا جس کے بعد وہ شیشہ توڑ کر اندر گھس گیا اور باتھ روم میں جاکر سوگیا۔بعدازاں بڑی مشکل سے بکرے کو گھر سے نکال کر پولیس کی مدد سے مالک تلاش کیا گیا۔