وزیر اعظم عمران خان نے بی آر ٹی پشاور منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کہا ہے کہ یہ پاکستان کا بہترین منصوبہ ہے۔ اس کے پشاور کی معیشت اور شہری زندگی پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ پشاور کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تحریک انصاف نے 2017ء میں بی آر ٹی منصوبے پر کام شروع کیا تھا۔44ارب روپے کے اس منصوبے کو چھ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔مختلف وجوہ کی بنا پر یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل نہ ہو سکا اور تکمیل کی مدت کے ساتھ منصوبے کی لاگت 66ارب روپے تک بڑھ گئی اور اب 71ارب روپے کی خطیر رقم کی لاگت کے بعد گزشتہ روز اس منصوبے کا افتتاح ممکن ہو سکا ۔گو لاگت میں اضافے کے بعد عوام کو بہتر سفری سہولیات میر آئیں گی اور یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ اس منصوبے میں کے پی کے حکومت نے بسیں کرایہ پر لینے کے بجائے قیمتاً خریدی ہیں جس سے ماہانہ اخراجات میں کمی آئے گی۔ اس منصوبے کا ایک منفرد پہلو یہ بھی ہے کہ بس ٹریک کے ساتھ سائیکل ٹریک کے ذریعے عوام کو مفت سائیکل کی سہولت بھی حاصل ہے اس کے باوجود اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ سرکاری منصوبوں میں تاخیر سے لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے ۔بہتر ہو گا حکومت مستقبل میں منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے تاکہ خزانے پر اضافی بوجھ سے بچا جا سکے۔