لاہور،اسلا م آباد، کراچی ، سیالکوٹ ( کرائم رپورٹر ، سپیشل رپورٹر، وقائع نگار، سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،نیٹ نیوز) سری لنکن شہری پریانتھا کماراکی میت لاہور سے سری لنکا پہنچا دی گئی۔ سری لنکن پرواز مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے کولمبو پہنچی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے پریانتھا کمارا کی میت کو سرکاری اعزاز کے ساتھ کولمبوروانہ کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی،سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ،محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام اور سری لنکن ہائی کمیشن کے عہدیدار بھی اس موقع پرموجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ غمزدہ خاندان کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کررہی ہے ۔سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریانتھا کمارا کے قتل کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات سے خوش ہیں اور یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعہ سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ، ہم دوست ہیں اور دوست رہیں گے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے ، 12 گھنٹوں کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے مزید 8مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا اور گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد132ہوگئی ہے ۔ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم امتیاز عرف بلی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ، امتیاز عرف بلی سری لنکن شہری پربہیمانہ تشددکرنے اور نعش کی بے حرمتی کرنے والوں میں شامل تھا۔ زیرحراست افراد میں سے 27 ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سری لنکن ہائی کمیشن اسلام آباد کا دورہ کیا اور ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کی۔وزیرداخلہ نے سیالکوٹ فیکٹری حادثہ میں سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ تمام مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لائینگے ۔ تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کے وفد نے اسلام آباد میں قائم سری لنکن سفارت خانے کا کا دورہ کیا اور پریانتھا کے قتل پر اظہار تعزیت کیا۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا اگر سری لنکن شہری پریا نتھا کے خاندان کو فوری انصاف نہ ملا تو عالمی سطح پر یہ ملک کی بدنامی کی وجہ بنے گا۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سزا دی جائے ۔ مزید گرفتار ملزموں میں احمد شہزاد، تشد د کیلئے اکسانے کی پلاننگ میں ملوث زوہیب، ارشاد، سبحان اور عمیر علی شامل ہیں۔ وزیراعظم آفس میں پریانتھا کا تعزیتی ریفرنس آج منگل کو ہو گا۔ ریفرنس کا مقصد مقتول کے اہل خانہ ،سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اس ناگہانی سانحہ پر اظہار یکجہتی ہے ۔ ریفرنس میں وفاقی کابینہ کے اراکین ، پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے وکرما ، تھنک ٹینکس، شعبہ تعلیم کے ماہرین، مذہبی سکالرز سمیت دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ مقتول شہری کے پورٹریٹ پر پھول بھی چڑھائے جائیں گے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے علمائے کرام آج 10 بجے سری لنکن ہائی کمیشن کا دورہ کریں گے ۔ علما سر ی لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات، بعد میں میڈیا سے گفتگو کرینگے ۔