کوئٹہ(آن لائن)پاکستان بارکونسل کے وائس چیئرمین امجد شاہ نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے پر وکلا میں کوئی اختلاف نہیں،دونوں بڑے وکلا گروپ متحد ہیں، وفاقی حکومت جسٹس قاضی فائز کے معاملے پر رویہ ٹھیک کرے ایسا نہ ہو ہم سپریم کورٹ جانے سے انکار کریں، وزیر قانون اور اٹارنی جنرل ذاتی مقاصد کیلئے عہدوں کا استعمال نہ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان بار کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میںکیا۔ امجد شاہ نے کہا اٹارنی جنرل کے پاس اختیار نہیں کہ وہ فروغ نسیم کو بھیجے گئے نوٹس کو معطل کریں، جمہوری اداروں کیساتھ قانونی خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں ،2 جولائی کو سپریم کورٹ سمیت ملک بھر میں ہڑتال اور احتجاج کیا جائیگا، بلوچستان کے ساتھ وفاق کے رویئے میں تبدیلی نہیں آئی ایسا نہ ہو کہ ہم خود سپریم کورٹ جانے سے انکار کردیں ، فروغ نسیم وزیر ہونے کے بعد پریکٹس نہیں کرسکتے ،وہ دو کشتیوں کی سواری کرنا چاہتے ہیں ۔ وائس چیئرمین نے مزید کہا ملک کو 1973کے آئین کے تحت چلا یا جائے ، صدر اور وفاقی حکومت کوسوچنا چاہیے کہ ایسے کیفیت پیدا نہ کریںجس سے جمہوریت کو خطرہ ہو اور اداروں کے درمیان ٹکرائو آئے ، ہم جمہوریت کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دینگے ، 2جولائی کو حکومتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ملک بھر میںبھر پور احتجاج کیا جائے گا اور وکلا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ۔