کراچی (سٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایپلیکیشن "بیٹی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کی فلاح کی لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سوشل پروگرام "احساس" لے کر آئی ہے ۔ تقریب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے ریاست مدینہ کے وژن کی تکمیل میں عورتوں کو حقوق فراہم کرنا ایک اہم اقدام ہے ۔ اس ضمن میں "بیٹی" ایپ کا اجرائخوش آئند ہے ۔ ایپ بنانے کا کریڈٹ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین ذہین ہیں، انہیں ان کی اپنی پسند کی فیلڈ میں آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے ۔دریں اثناگورنر سندھ عمران اسماعیل سے گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال حسین نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک میں سیاحت کے فروغ،سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی،ملکی معیشت میں سیاحت کی اہمیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنرسندھ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی جنت نظیر وادیاں سیاحوں کے لئے بے پناہ کشش رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا ثبوت ہے ۔