لاہور،کراچی، ایبٹ آباد ، پشاور، ساہیوال (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر،،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،صباح نیوز،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج،سردی میں اضافہ،نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا،ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے ایم تھری کو لاہور سے رجانہ تک بند کردیا گیا۔ ایم تھری پر حد نگاہ 200 سے 300 میٹر تک ہے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو شیخوپورہ سے پنڈی بھٹیاں تک بند کردی گئی ہے ۔ ادھر لاہورسیالکو ٹ موٹروے کو بھی دھندکے باعث بند کردیا گیا ہے ۔دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر،شہر قائد میں سردی کی نئی لہر داخل ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرداور خشک جبکہ شمالی بلو چستان ،شمالی علاقہ جات، کشمیر اور بالائی خیبر پختو نخوا میں شدید سردرہا۔ تاہم اس دوران بالائی خیبر پختونخوا ،کشمیر اوربالائی و وسطی پنجاب میں بارش ہوئی۔محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہا ڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔پنجاب کے مید ا نی علا قوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے ۔ملک کے مختلف مقامات پر گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت: لہہ ،قلات منفی 09،کالام، کوئٹہ منفی 08، گوپس منفی 07، سکردو، استوار منفی 06، پاراچنار منفی 05، ژوب منفی 04، مالم جبہ ، ہنز ہ ، چترال ، دیر ، گلگت ، بگروٹ اور دالبندین منفی 3 سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا مو سم سرد خشک رہنے کا امکان ہے ۔دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول مذید درہم برہم ہو گیا ۔کراچی میں یخ بستہ ہوائوں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے ،درجہ حرارت9.7ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔ایبٹ آباد اور گلیات میں برفباری کے سبب سیاحوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ سیاح رات کو سفر نہ کریں، دوران سفر مشکلات سے بچنے کیلئے گاڑی میں چین لازمی رکھیں۔ادھرپشاور خیبر پختونخوا میں شدید سردی کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔محکمہ ریلیف خیبر پختونخو اکے اعلامیہ کے مطابق صوبے میں انتہائی سرد موسم کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کی گئی ۔ ایمرجنسی کے تحت صوبے میں تمام بے گھر افراد کو شیلٹرز اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔ ساہیوال شہر و گرودونواح کے مختلف علاقوں ہڑپہ، نورشاہ ،گیمبر، قادرآباد،کمیر ،چیچہ وطنی سمیت دیگر میں شدید دھند کا راج۔ دھند کی وجہ سے حد نگاہ چند میٹر تک محدود رہی۔ دھند کے باعث فیصل آباد روڈ، کشمیر ہائی وے اور دیگر روڈز پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔