چیف الیکشن کمشنر جموں و کشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران رقم تقسیم کرنے کی ویڈیو کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھا ہے۔ آزادکشمیر کے الیکشن اور پاکستانی الیکشن میں زمین آسمان کا فرق ہے۔مگر بدقسمتی سے ہمارے حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے رہنما آزادکشمیر جا کر بھی ویسی ہی زبان استعمال کر رہے ہیں جیسی وہ ایک دوسرے کے خلاف پاکستان میں استعمال کرتے ہیں۔ باہم دست و گریبان ہونا یا پھر سیاسی گندے کپڑے سربازار دھونے کے لیے آزادکشمیر کی زمین قطعاً موزوں نہیں ہے لہذا اس سے گریز کیا جائے ۔ وفاقی وزیر امور کشمیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں موصوف ایک ووٹر کو پیسے دے رہے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر نے اس شخص کا بیان ریکارڈ کر کے 3 لاکھ 90 ہزار روپے ضبط کرلیے ہیں۔ حکومتی وزراء اپنے ہی امیدواروں کی نااہلی کا سبب کیوں بن رہے ہیں۔ پیسوں کے آزادانہ استعمال سے تو امیدوار نااہل بھی ہوسکتا ہے، اس لیے حکومتی وزراء آزادکشمیر الیکشن کمشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔ ورنہ اس کے نتائج ان کی سوچوں کے برعکس نکل سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر الیکشن مہم کے لیے اپنے باصلاحیت، سنجیدہ اور بے داغ افراد کا انتخاب کریں تاکہ وہ اس اچھے ماحول میں کشمیر الیکشن کی کمپین چلا کر الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنا سکیں نا کہ حکومت کے لئے بدنامی کا باعث بنیں۔