وزیر خوراک عبدالعلیم خان اور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں آٹے و چینی کے علاوہ دالوں‘سبزیوں اور دیگر اشیا پر بھی 25فیصد تک رعایت ہو گی۔حکومت نے رمضان پیکیج کا اعلان کیا،اس کے ساتھ ہی رمضان بازار لگانے کی تیاری بھی شروع ہو چکی ہے۔ حکومتی پیکیج حوصلہ افزا ہے، اگر اس کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچ سکیں۔آٹا‘ چینی‘ سبزیاں اور دالوں پر 25فیصد رعایت کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے کمشنروں کے ساتھ ساتھ صوبائی وزرائ، ایم این ایز ‘ایم پی ایز ‘ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر‘ تحصیلدار،قانونگو‘ پٹواری اور یو سی سیکرٹریوں کی ایک ٹیم بنا کر ضلع ‘تحصیل‘ٹائون اور یونین کونسل کی سطح پر ان کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں ،جو رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں۔ اس کے علاوہ چیف سیکرٹری کی زیر نگرانی سیکرٹریز کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، جو رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء ضروریہ کی کسی قسم کی کمی نہ ہونے دے۔ اس کے علاوہ چینی اور آٹا گشتی ٹرکوں پر بھی فروخت کیا جائے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب روزانہ کی بنیاد پر اس کو خود مانیٹر کریں۔ کمشنر ‘ ایم این ایز ‘ ایم پی ایز سے الگ الگ رپورٹس لیں،جبکہ چیف سیکرٹری سے علیحدہ رپورٹ طلب کی جائے، روزانہ کی بنیاد پر اگر سخت مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کیا جائے، تو رمضان پیکیج کے عوام تک ثمرات پہنچ سکیں گے۔ ورنہ ماضی کی طرح یہ رمضان بھی گزر جائے گا اور خلق خدا سحری و افطاری میں حکومت کو دعائیں ہی دے گی۔