’’سرسبز و شاداب پاکستان‘‘ ہر شہری پودا لگائے وطن عزیز کے 71ویں یوم آزادی پر قوم کو تحفہ دیتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے ملک گیر’’سرسبز و شاداب پاکستان پروگرام‘‘کے تحت فوج کی طرف سے ایک کروڑ پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے جن میں سے 20لاکھ پودے لگا دیے گئے ہیں ۔درخت روئے ارض کی زندگی اور شادابی کی علامت ہیں ۔درخت اور پودے قدرت کی عطا کردہ بڑی نعمتوں میںسے ایک نعمت ہیں‘ ہمیں اس سے بھر پور مستفید ہونا چاہیے۔ اس مہم کے تحت اس امر کا لازمی خیال رکھا جانا چاہیے کہ پودے پھلدار ہوں‘ ان کی لکڑی کام آ سکے اور گھنیرا سایہ دینے والے ہوں۔ ہمیں ہر ذمہ داری حکومتی ایوانوں پر نہیں ڈالنی چاہیے‘ بطور انسان اور بطور شہری ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کریں اور یہ ذمہ داری ہم اپنے گھروں‘ گملوں ‘ باغیچوں ‘دالانوں‘ سکولوں اور سڑک کنارے پودے لگا کر ادا کر سکتے ہیں۔ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ اپنے حصے کا اور اپنے بچوں کے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے اس سے ملک میں بیک وقت کروڑوں پودے چند برسوں بعد تناور درخت بن سکتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات اور محکمہ ماحولیات کو بھی چاہیے کہ وہ اس معاملہ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں کیونکہ زمین کے کسی بھی حصے کے 25فیصد رقبے پر شجر کاری ضروری ہے اور ہمارے ہاں اس کا تناسب صرف 4فیصد ہے جو قریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ درخت حیات بخش آکسیجن گیس کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں لہٰذا انہیں کاٹنے اور کٹنے سے بچایا جائے اسی میں ہماری زمین کی‘ ماحول کی‘ زندگی کی بقا ہے۔ ہم سب نے اس میں بطور قوم اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک سرسبز و شاداب پاکستان دے سکیں۔