پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین کینسر کے عارضہ کے باعث 80سال کی عمر میں انتقال کر گئے‘ وہ دو ہفتہ سے کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ وہ پا کستان کے بارہویں اور صدر بننے کے وقت ملکی تاریخ کے دوسرے معمر ترین صدر تھے ۔ممنون حسین23 دسمبر1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کر کے کراچی میں آباد ہوا ۔ممنون حسین نے کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے گریجوایشن کی ۔ان کا تعلق ایک تاجر خاندان سے تھا ۔وہ 1997ء میں سندھ حکومت میں مشیر رہے۔ ان کا شمار مسلم لیگ کے سینئر رہنمائوں میں ہوتا تھا۔ انہیں سندھ میںمسلم لیگ ن کا فنانس سیکرٹری بھی بنایا گیا ۔وہ نو ستمبر2013 سے آٹھ ستمبر2018 تک صدر مملکت رہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی وزارت عظمیٰ کا حلف ان سے ہی لیا تھا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیر اعظم عمران خان‘ آرمی چیف و نیول چیف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سمیت متعدد شخصیات نے ان کی وفا ت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلندیٔ درجات کی دعا کی ہے۔ بلا شبہ سابق صدر ممنون حسین ملکی سیاست کی سنجیدہ اور اپنی پارٹی کی با اعتماد،وفا شعاراور نظریاتی شخصیت تھے‘ انہوں نے اپنے عہدوں کی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھایا‘ ملک و قوم کے لئے مرحوم کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔اللہ ان کی مغفرت کرے اور مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔