کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے کورونا صورتحال کے سبب وفاقی حکومت سے ملنے والی گرانٹ میں 233 ارب روپے کٹوتی پرتشویش ظاہرکرتے ہوئے نئی مالی حکمت عملی وضع کرنیکا فیصلہ کرلیا،کابینہ نے احساس کفالت پروگرام پرٹیکس معاف کرنے ،قیدیوں کیلئے پیرول پرعارضی رہائی کی مدت 72 گھنٹے کرنے ،بجلی،پانی ،گیس کے بلوں اورگھروں کے کرائے میں رعایت،سکول فیس میں 20 فیصد کمی سے متعلق کورونا امدادی آرڈیننس کی منظوری دیدی جس کے تحت نجی سیکٹرمیں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی اورکسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جاسکے گا،کابینہ نے آرڈیننس گورنرکو بھیجنے کی منظوری دیتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرجرمانہ پرنظرثانی کی تجاویزکی حتمی منظوری آئندہ اجلاس تک مؤخرکردی،کابینہ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورتمام کمشنروں کو سیکشن 144 سی آر پی سی کے اختیارات دینے کی منظوری بھی دیدی،سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہوا ،وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ایف بی آرکو 5.5 ٹریلین روپے جمع کرنا تھے جس کے مقابلہ میں وہ 3.9 ٹریلین وصولی کی توقع کررہے ہیں جس میں سندھ حکومت کا حصہ 853 سے کم کرکے 602 ارب روپے کیا جارہا ہے اوراس طرح 233 ارب روپے کا شارٹ فال دکھایا جارہا ہے ،یہ انتہائی سنگین صورتحال ہے جس کیلئے نئی مالی حکمت عملی وضع کرنا ہوگی تاکہ تنخواہوں کی ادائیگی،صحت کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے بل اورغیرترقیاتی اخراجات کی ادائیگی کی جاسکے ،موجودہ معاشی حالات کو مدنظررکھتے ہوئے غیرترقیاتی اخراجات میں 170 ارب روپے کی کمی کا فیصلہ کیا ،کابینہ کو بتایا گیا کہ 1400 روپے فی من کے حساب سے 1.4 ملین ٹن گندم خریداری کے ہدف کی بنیاد پرخریداری شروع کردی گئی ،کابینہ نے وزیرخوراک ہری رام کی درخواست پر کاشتکاروں سے گندم کی خریداری پرعائد شرائط کوختم کردیا،کابینہ نے محکمہ قانون کے توسط سے کورونا امدادی آرڈیننس کی منظوری بھی دی تاکہ متاثرہ افراد کو ریلیف دیکرانکی مدد کی جاسکے ،آرڈیننس سے رہائشی اور تجارتی کرایہ دار،ملازمین اورروزانہ اجرت والے مزدوروں کو یکساں ریلیف ملے گا،سکول کی فیس،کرایہ اوریوٹیلیٹی چارجز کے حوالے سے ڈیڈ لائن میں توسیع،ٹرائل کا انعقاد یا فرد جرم عائد کرنے اورعدالت یا دفترکے ذریعہ فرائض کی انجام دہی کیلئے مدت میں توسیع کی جاسکے گی،کوئی بھی تعلیمی ادارہ ماہانہ فیس کا 80 فیصد سے زیادہ وصول نہیں کریگا،کسی بھی ملازم کو فارغ نہیں کیا جائیگا،مکان مالک کرایہ کی وصولی کو مؤخریا معطل کریگا تاہم اگرمالک بیوہ،معذوریا بزرگ شہری ہے تو اس پراطلاق نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے پاس اطلاعات ہیں کہ کھڑی فصلوں پرٹڈی دل نے حملہ کیااوریہ آئندہ سالوں کی فصلوں کو بھی متاثرکریگا،ٹڈی دل کا حملہ ایک اوربڑی تباہی ہوگی۔محکمہ داخلہ کی درخواست پرکابینہ نے جیل سپرنٹنڈنٹ کوزیرسماعت مقدمے میں قیدیوں کو اپنے خونیں رشتے داروں کی موت یا شادی پر72 گھنٹے کی عارضی پیرول دینے کی اجازت دینے کی تجویزکی منظوری دیدی،کابینہ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے احساس کفالت پروگرام کے تحت فراہم کی جانیوالی نقد مالی امداد کی فراہمی میں برانچ لیس بینکاری خوردہ فروشوں کو قابل ادائیگی کمیشن پرسندھ سیلزٹیکس کی ایک بارکی چھوٹ دینے کی منظوری بھی دی،کابینہ نے گوادر ہسپتال منصوبے کیلئے مشینوں اورسامان کی درآمد اورمنتقلی پرٹیکس اورمحصولات میں چھوٹ کی بھی منظوری دی۔سندھ حکومت نے وفاق سے بجلی اورگیس بلوں میں ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خوشی سے لاک ڈاؤن نہیں کیا عوام کی بھلائی کیلئے اقدامات کئے ،کورونا کے باعث ریونیو وصولی میں مزید کمی کاخدشہ ہے ،سندھ کابینہ ارکان جون کی بھی تنخواہ نہیں لیں گے ۔سندھ کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں ناصرشاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈزمیں کٹوتی ہوئی،ہمارا اپنا ریونیو کم جمع ہوا اورکورونا وائرس کے باعث اس میں مزید کمی کا امکان ہے ۔