اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،نامہ نگار خصوصی) احتساب عدالت اسلام آباد میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ وغیرہ کیخلاف نوری آباد پاور ریفرنس میں نیب نے چھ شریک ملزمان نجم الحسن ، شاہ نواز، آغا واصف وغیرہ کی بریت درخواستوں پر جواب جمع کراتے ہوئے درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کردی، فردجرم کی کارروائی اکیس اپریل تک موخر کردی گئی،گذشتہ روز مراد علی شاہ اور دیگر عدالت پیش ہوئے اور حاضری لگوائی۔عدالت نے سلطان احمد فاروق، مسعود نقوی کی نئے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار وغیرہ کیخلاف آمدن سے زائداثاثوں کے ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ موخر کردیا۔ احتساب عدالت لاہور نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت 21مارچ تک ملتوی کرکے مزید دلائل طلب کر لئے ، آصف ہاشمی ایف آئی اے کی حراست میں ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے ۔ احتساب عدالت لاہور نے سابق ڈی آئی جی پولیس جنید ارشد کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت31مارچ تک ملتوی کرکے نیب کے تفتیشی افسر کو بیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت لاہور نے سستی گاڑیوں کے نام پر ساڑھے 4 کروڑ روپے فراڈ کیس میں تفتیشی افسر کو جرح کے لئے 21مارچ کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت لاہور نے پروفیشنل کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس میں ملزم اصغر علی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔