وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سیاحت کی بحالی کے لئے 55ملکوں کے لئے ویزہ پالیسی نرم کرے گی جس میں زیادہ تر یورپی ممالک شامل ہو نگے۔ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جنہیں قدرت نے حسین سیاحتی و ثقافتی ورثے سے نوازا ہے لیکن ماضی کی تمام حکومتیں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے پہلوتہی سے کام لیتی رہیں جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں سیاحت کو آج باقاعدہ ایک صنعت کا درجہ حاصل ہے۔ برصغیر میں بھارت‘ بنگلہ دیش‘ نیپال اور سری لنکا وغیرہ اپنے سیاحتی شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ان ملکوں میں سیاحوں کی سالانہ آمد و رفت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں کبھی بھی سیاحتی ماحول کو بہتر بنانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی‘ موجودہ حکومت کی طرف سے 55ملکوں کے لئے ویزا پالیسی میں نرمی سے یقینا پاکستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو گا تاہم حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ سیاحتی کمپنیوں کو بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ بیرونی ممالک میں سفارتخانوں کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنے کی ہدایات جاری کرے کہ وہ غیر ممالک میں پاکستان کے سیاحتی امیج کو بہتر بنائیں اور غیر ملکوں کو بتائیں کہ وہ بلا خوف و خطر پاکستان کی سیاحت کریں ۔اس وقت دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور سیاحت کا شعبہ اس سلسلہ میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔