اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پرچی چیئرمین فرزند زرداری کی تقریر کے ردعمل میں کہا ہے کہ سیاست کے مسخرے کو مسترد کرنے پر مالاکنڈ کے عوام کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتوں کی محنت کے بعد 5 مرلے کا پلاٹ ڈھونڈا گیا، اسے بھرنے میں بھی بری طرح ناکام رہے ،27 مارچ کو دکھائیں گے کہ جلسہ کسے کہتے ہیں اور عوام کس کے ساتھ ہیں، جتنا عوام میں نکلیں گے اتنا ہی بے نقاب اور بے آبرو ہوں گے ۔ انہو ں نے کہاکہ اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا تاریخی انعقاد فرزندِ زرداری کے منہ پر طمانچہ ہے ، یوم پاکستان پریڈ میں چین سمیت اسلامی ممالک کے وفود کی بڑی پیمانے میں شرکت وزیراعظم کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ’’ایبسولیوٹلی ناٹ آزاد ریاست کے خود دار وزیراعظم کی سوچ کی روشن علامت ہے ، یورپی یونین کے سفیروں کے بیان پر باوقار ردعمل قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقابلے سے پہلے کانپیں ان کی ٹانگ رہی ہیں اور تبصرہ ہم پر کررہے ہیں۔